بھٹکل 26 جولائی (ایس او نیوز) منگل شام کو کارگیدے ہورولی جنگل سے برآمد ہونے والے ڈھانچے کی شناخت ہوگئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کپڑےدیکھتے ہی گھروالوں نے پہچان لیا کہ یہ کپڑے 26 سالہ محمد محسن شیخ کے ہیں جو قریب بیس روز سے لاپتہ تھا۔
ایک قریبی فیملی ممبر سے ملی اطلاع کے مطابق محمد محسن شیخ ایک دماغی مریض تھا اس کا علاج کرنے کی کافی کوشش کی گئی تھی، مگرعلاج کارگر نہیں ہورہا تھا، وہ اکثر گھر چھوڑ کر چلاجاتا تھا پھر کچھ دن بعد واپس آجاتا تھا۔ پتہ چلا ہے کہ قریب بیس روز سے وہ لاپتہ تھا اور ہفتہ عشرہ سے گھر والے اس کو تلاش کررہے تھے کہ اِس بار وہ کچھ زیادہ دن سے لاپتہ ہے اور واپس نہیں آیا ہے۔ خبر ملی ہے کہ چار پانچ دن پہلے گھر والے پریشان ہوکر اس کی گمشدگی کی رپورٹ پولس تھانہ میں درج کرنے والے تھے، مگر شکایت درج کی گئی یا نہیں، اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
چونکہ نعش کوکارگیدے شمسان میں دفنایا گیا ہے، اس بناء پرپتہ چلا ہے کہ گھر والے بدھ صبح کو علماء حضرات سے مشورہ کریں گے اور علماء و ذمہ داران کے مشوروں اور ان کی ہدایات پر اگلی کاروائی کریں گے۔
اس سے پہلے شائع رپورٹ
بھٹکل : نامعلوم شخص کا ڈھانچہ کارگیدے ہورولی کے سنسان جنگل سے برآمد؛ قتل یا حادثہ ؟